Nov ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۴:۳۹ Asia/Tehran
  • عراق میں زائرین پر دہشت گردانہ حملے کی رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے مذمت

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہےکہ جرائم پیشہ تکفیری دہشت گرد گروہوں نے بزدلانہ اور گھناؤنی کارروائی انجام دے کر ایک بار پھر اپنا خبیث چہرہ اور ناپاک عزائم دنیا والوں کے سامنے پیش کر دہے ہیں۔

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عراق کے شہر حلّہ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی دردناک شہادت کی مناسبت سے اپنے تعزیتی پیغام میں فرمایا ہے کہ جرائم پیشہ اور شقی القلب تکفیری دہشت گرد گروہوں نے کہ اربعین حسینی کے عظیم الشان مارچ اور زائرین کی غیر معمولی سیکورٹی نے جن کی آنکھوں کو اندھا اور خباثت آمیز سازشوں کو ناکام بنا دیا تھا، بزدلانہ اور گھناؤنی کارروائی کا ارتکاب کیا اور ایک بارپھر اپنا کریہہ و خبیث چہرہ اور ناپاک عزائم دنیا کے سامنے ظاہر کر دیے-

یاد رہے کہ جمعرات کو عراق کے شہر حلہ کے محلے الشوملی  میں ایک پٹرول پمپ پر دہشت گردوں نے ایک آئل ٹینکر میں دھماکہ خیز مواد بھر کر زائرین کی بسوں سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں تقریبا ایک سو زائرین حسینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہو گئے- حلّہ میں شہید ہونے والے زائرین میں بڑی تعداد ایرانی زائرین کی ہے- اس ہولناک اور انسانیت سوز دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے کہ نائیجیریا ، پاکستان اور افغانستان جیسے  دنیا کے دیگر علاقوں سے بھی دہشت گردوں کے ہم مسلکوں کے جرائم کی  تلخ اور ہولناک خبریں موصول ہوئی ہیں اور یہ واقعات تکفیری گروہوں اور ان کے حامیوں کے خطرات کو ایک بار پھر دنیا بھر کے مسلمانوں اور ہمدرد اور درد دل رکھنے والے انسانوں کے سامنے ظاہر کر رہے ہیں-

رہبر انقلاب اسلامی نے ایران میں ریل حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں اور امام رضا علیہ السلام کے زائرین کی بھی مغفرت اور زخمیوں کی جلد شفایابی کی دعا کی ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کے علاج کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور جاں بحق ہونے والوں کے جنازوں کو ان کے ورثا تک پہنچا کر لواحقین کے مصائب و آلام کم کریں-

واضح رہے کہ جمعہ کو ایران کے مشرقی صوبے سمنان میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں چالیس سے زائد مسافر جاں بحق اور ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس