Nov ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۵ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کا ترکی بہ ترکی جواب دیں گے: بروجردی

قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر امریکہ نےایران مخالف پابندیوں میں توسیع کی تو اعلی سطح پر یورینیئم کی افزودگی شروع کردے گا۔

ہمارے نامہ نگار سے بات چیت کرتے ہوئے سید علاء الدین بروجردی کا کہنا تھا کہ ایران مخالف امریکی پابندیوں میں توسیع ، جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی- انہوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ امریکہ کی عہدشکنی کا جائزہ لے رہی ہے اور پارلیمنٹ کے پاس کردہ قانون کے مطابق اسے ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا۔
قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے واضح کیا کہ ایٹمی معاملہ ایک قومی معاملہ ہے اور اس پر ملک کے تمام مقتدر اداروں میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
سید علاءالدین بروجردی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ، امریکہ جامع ایٹمی معاہدے پر دستخط کرنے والا ایک ملک ہے اور یورپ، روس اور چین کسی صورت میں امریکی اقدامات کی حمایت نہیں کریں گے۔
قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کسی بھی صورتحال میں، جامع ایٹمی معاہدے کو توڑنے میں پہل نہیں کرے گا، لیکن جو کچھ بھی ہوگا وہ بلاشبہ امریکہ کے نام لکھا جائے گا کیونکہ کوئی بھی ملک سلامتی کونسل کی حمایت سے طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کو ایران سے منسوب نہیں کرسکتا۔

 

ٹیگس