دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر عالمی ریڈکراس کی تاکید
اسلام اور انسانی حقوق کے زیرعنوان قم میں منعقدہ بین الاقوامی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔
ایران کے مقدس شہر قم میں اسلام اور انسانی حقوق کے زیرعنوان منعقد ہونے والے بین الاقوامی اجلاس میں دنیا کے بیس ممالک کے علماء اور دانشوروں نے شرکت کی- یہ اجلاس بدھ کو شروع ہوا تھا اور جمعرات کی رات اختتام پذیرہو گیا- اجلاس میں انسانی حقوق کے سلسلے میں بعض علمی آثار اور کتابوں کی بھی رونمائی ہوئی اور دانشوروں نے اپنے مقالے پیش کئے-
اس اجلاس میں شریک عالمی ریڈکراس کے وفد کے سربراہ نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہمہ گیر جدوجہد کی ضرورت پر تاکید کی- عالمی ریڈکراس کے وفد کے سربراہ فلپ اشپونری نے جمعرات کی شب قم میں اس اجلاس کے اختتام کے موقع پر کہا کہ دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں کی وجہ سے آج دنیا میں بہت سے تنازعات پیدا ہوگئے ہیں کہ جن کا تمام ممالک کے تعاون سے پتہ لگانا چاہئے اور انھیں کنٹرول اور حل کرنا چاہئے-
فلپ اشپونری نے کہا کہ تشدد کرنے والوں کو انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا پابند بنانا چاہئے- عالمی ریڈکراس کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ رونالڈ آفٹر بنگر نے بھی اس کانفرنس میں کہا کہ علماء اور دانشوروں کو بھی عوام خاص طور سے جنگی علاقوں اور اس کے اطراف میں رہنے والوں کے درمیان انسانی حقوق کو فروغ دینے کی کوشش کرنا چاہئے۔