Dec ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
  •  تکفیری دہشت گردوں کی شکست،عراقی حکومت کی کامیابی کا ثبوت ہے: علی شمخانی

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ عراق میں تکفیری دہشت گردی کی شکست، علاقے کو لاحق اہم ترین خطرے کے مقابلے میں عراق کی حکومت کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے تہران میں عراق کے نیشنل الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری دہشت گردوں کے مقابلے میں شیعہ، سنی، کردوں، ترکمن اور ایزدیوں کی یکجہتی، عراق میں تمام قوموں کے درمیان پائے جانے والے اتحاد کی مظہر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اغیار کے اشاروں پر عراق میں عوام کے درمیان اختلاف و تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش و سازش جاری ہے جسے یکسوئی و ہوشیاری سے ناکام بنائے جانے کی ضرورت ہے۔

علی شمخانی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ عراق میں دہشت گرد گروہوں اور ان کے اتحادیوں کی مکمل شکست کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے، کہا کہ دہشت گردی کے دوبارہ پنپنے کی روک تھام کے لئے تکفیری دہشت گردی اور انتہا پسندی اور ان کے حامیوں کا موثر طور پر مقابلہ کرنا، اسلامی ملکوں اور عالمی برادری کے ایجنڈے میں شامل ہونا چاہئے۔ اس ملاقات میں سید عمار حکیم نے بھی دہشت گردی کے خلاف مہم میں عراق کے لئے ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عراقی عوام کی اہم ترین ضرورت، اتحاد و یکجہتی اور دہشت گردی کا خاتمہ اور سماجی و اقتصادی استحکام نیز ترقی کے لئے قومی توانائیوں کو بروئے کار لانا ہے۔

ٹیگس