تہران، عراق میں امن و استحکام کے قیام کے لئے کوشاں ہے : محمد جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تہران، عراق میں امن و استحکام قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کو تہران میں عراق کی نیشنل الائنس کے سرابراہ سید عمار حکیم سے گفتگو میں عراق میں حکومت، عوام، مختلف گروہوں اور اقوام کی کامیابی کو قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ عراق میں قومی آشتی کا منصوبہ پیش کرنے میں نیشنل الائنس کا اقدام، ان کے ملک کے سیاسی مستقبل کے لئے غیر معمولی اہمیت کاحامل ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ عراق میں مختلف گروہوں کے درمیان تعاون جاری ہے اور علاقے کے بعض ممالک کو چاہئے کہ اپنے مسائل و مشکلات عراق منتقل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ انھوں نے عراق میں قومی آشتی کے منصوبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے اس منصوبے کو منطقی اور قابل قبول قرار دیا ہے اور یہ ایک اہم کامیابی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے تہران اور بغداد کے تعلقات کو بہت زیادہ خوشگوار قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ان تعلقات کو علاقے میں ایک نمونے میں تبدیل کئے جانے کی ضرورت ہے۔ اس ملاقات میں سید عمار حکیم نے بھی عراق کی صورت حال کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے اپنے ملک کے لئے ایران کی حکومت اور قوم کی جانب سے جاری حمایت کی قدردانی کی۔