Dec ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • انڈویشیا کے صدر کا تہران میں باضابطہ استقبال

ایران اور انڈونیشیا کے صدور نے تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ کا عزم، ظاہر کیا ہے۔

 انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، آج صبح جب سعدآباد کمپلکس پہنچے تو صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ان کا باضابطہ طور پر استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور ایران کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں دونوں ملکوں کے صدور نے کیمروں کے سامنے ایک دوسرے سے انتہائی گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا اور اپنے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔
استقبالیہ تقریب کے اختتام پر ایران اور انڈونیشیا کے صدور کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہوا جس میں ایران اور انڈویشیا کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایران اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون کی متعدد یادداشتوں اور سمجھوتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔
انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ منگل کی شام سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے۔ وہ اپنے اس دورے میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

 

ٹیگس