Dec ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • تحریک مزاحمت قدس شریف کی نجات کا واحد راستہ ہے، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو سرد خانے میں ڈالے جانے کی کوششوں کے باوجود فلسطینی عوام اور تنظیموں کی استقامت اور مجاہدت کے نتیجے میں یہ سرزمین آزاد ہو کر رہے گی۔

بدھ کے روز جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل رمضان عبداللہ اور ان کے ہمراہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جدوجہد اور مزاحمت ہی قدس شریف کی نجات کا واحد راستہ ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ جیسا کہ میں نے اس سے پہلے بھی کہا ہے کہ فلسطینیوں اور مسلمانوں کی ہمہ گیر اور متحدہ جدوجہد کے نتیجے میں آئندہ پچیس برسوں کے دوران صیہونی حکومت کا وجود ختم ہو جائے گا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عظیم سامراج اور بڑے شیطان یعنی امریکہ کو خطے کی مشکلات کا اصل ذمہ دار قرار دیا اور موجودہ بحرانوں کے پیدا ہونے میں چھوٹے شیطانوں کی مداخلت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ان سب کا مقصد یہ ہے کہ خطے کی رائے عامہ کے ذہنوں میں مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو کم کرتے ہوئے اسے قوموں کے اذہان سے نکال دیا جائے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ خطے کے بعض مسائل کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کھل کر یہ کہتا چلا آرہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ عالم اسلام کا پہلا مسئلہ ہے اور اس حوالے سے وہ اپنی ذمہ داریوں پر بھی عمل کر رہا ہے۔  
رہبر انقلاب اسلامی نے صیہونیت کے مقابلے میں اتحاد و استقامت سے متعلق تحریک جہاد اسلامی کے دس نکاتی منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ جدوجہد پر تاکید، تمام سازشی معاہدوں کی نفی، فلسطینیوں کے درمیان اتحاد پر تاکید، دشمن کے ساتھ ساز باز کے لئے خطے کی رجعت پسند حکومتوں کی کوششوں کی مذمت، اس منصوبے کے اہم ترین نکات ہیں۔
 آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس منصوبے پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ بعض قوتیں، تحریک جہاد اسلامی کے دس نکاتی منصوبے کو ناکام بنانے کی خواہاں ہیں، لہذا کوشش کی جائے کہ یہ منصوبہ صرف کاغذوں میں نہ رہے اور ابتدائی کامیابیوں کی ٹیکٹکل تعریفوں کے بعد بتدریج سرد خانے کی نذر نہ ہو جائے۔
 رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ داعش، جبہت النصرہ اور ان ہی جیسے دوسرے تکفیری گروہوں کے خلاف ہمہ گیر جدوجہد، خطے کے لئے اہم ترین چیلنج ہے کیونکہ تکفیریوں کی جانب سے مسلسل بحران پیدا کئے جانے کے نتیجے میں مسئلہ فلسطین، عالم اسلام کا ذیلی مسئلہ بن کر رہ جائے گا۔
 تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل رمضان عبداللہ نے بھی اس موقع پر فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کے جرآت مندانہ اور دانشمندانہ موقف کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پچاس روزہ جنگ کے مقابلے میں فلسطینی تنظیموں کی عسکری طاقت اور توانائیوں میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے۔
رمضان عبداللہ نے مزید کہا کہ فلسطین ایک تاریخ ساز ملک ہے اور جب تک یہ علاقہ اس کے اصل مالکوں کو واپس نہیں مل جاتا، خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

 

ٹیگس