امت مسلمہ کے اتحاد کو نقصان پہنچانا سب سے بڑی خیانت: ڈاکٹر لاریجانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ، مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر علاقے کے بعض ملکوں کے تعاون سے مسلمانوں کے اتحاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں-
ڈاکٹر علی لاریجانی نے جمعرات کو ایران کے صوبہ گلستان سے تعلق رکھنے والے چار ہزار شہدا کی یاد میں منعقدہ کانفرنس میں کہا کہ سب سے بڑی خیانت مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنا ہے اور علاقے کے بعض ممالک، دہشت گردوں کی حمایت کے ذریعے اس سلسلے میں تعاون کر رہے ہیں-
ڈاکٹر علی لاریجانی نے تفرقہ اندازی کے لئے علاقے کے بعض ملکوں کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو باعث ننگ و عار قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کی پہلی مشکل تفرقہ اندازی ہے اور علاقے کے بعض ممالک اور دہشت گرد عناصر نے مسلمانوں کے اتحاد کو نشانہ بنا رکھا ہے-
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ شیعہ اور سنی مسلمانوں کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ انتہا پسند عناصر، کون سی بلاء و مصیبت میں مسلمانوں کو مبتلا کرنا چاہتے ہیں اور اس وقت مسلمانوں کو درپیش اہم مسئلہ، تفرقہ اور اختلاف ہے-
لاریجانی نے کہا کہ تمام اسلامی گروہ، دین کے ضروری اصول و فروع میں یکساں ہیں اس لئے ان کو ایک دوسرے کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھانے چاہیئیں-
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے ایران میں قائم امن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ کہا کہ علاقے کے بعض ملکوں کے پاس ایران سے زیادہ ہتھیار ہیں لیکن ہمیشہ ان کو خطرہ لاحق رہتا ہے جبکہ دشمن یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ مغربی ایشیاء کے علاقے میں ایران واحد وہ ملک ہے، جہاں پائیدار امن قائم ہے-