ایران آرمینیا تعلقات کے فروغ پر زور
ایران اور آرمینیا کے سربراہوں نے ایک دوسرے سے ملاقات اور اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
آرمینیا کے دارالحکومت ایراوان میں صدر حسن روحانی اور صدر سرژ سرکیسیان کے درمیان ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں دونوں ملکوں کے تعلقات کی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایران اور آرمینیا کے سربراہوں نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کو فعال بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت بھی زور دیا۔
صدر حسن روحانی اور صدر سرکیسیان نے ، ایران اور آرمینیا کے درمیان پارلیمانی تعلقات کواہم اور اطیمنان بخش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات تیزی کے ساتھ فروغ پائیں گے۔
صدر ایران نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی تنازعات کو حل کرنے کے لیے ، جامع تعاون کی ضرورت ہے۔
صدر سرکیسیان اور صدر حسن روحانی نے شام میں فوری طور پر امن قائم کرنے، انسانی المیوں کی روک تھام اور دہشت گردی و انتہا پسندی کی بیخ کنی کو بھی ضروری قرار دیا۔
اس موقع پر ایران اور آرمینیا کے درمیان تعاون کے پانچ سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں ممالک ثقافت، سیاحت، سرمایہ کاری، کھیل اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
صدر حسن روحانی، بدھ کے روز اپنے آرمینیائی ہم منصب صدر سرژ سرکیسیان کی دعوت پر، ایراوان پہنچے تھے جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔