Aug ۲۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونی بات چیت

دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایران کے نئے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو کر کے انہیں مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

سحرنیوز/ایران: دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایران کے نئے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فونی گفتگو کی۔
فرانسیسی وزیر خارجہ اسٹیفن سژورنہ نے اس گفتگو میں دوطرفہ اور بین الاقوامی مسائل میں سفارتی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے اپنی آمادگی ظاہر کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے بھی اپنے فرانسیسی ہم منصب سے گفتگو میں مغربی ایشیا کے حالات کو پیچیدہ بتاتے ہوئے کشیدگی کو بڑھانے اور عدم استحکام پھیلانے والے صیہونی حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا اور فرانس اور دیگر مغربی ممالک سے اپیل کی کہ وہ جنگ اور کشیدگی کا دائرہ بڑھنے سے روکنے کے لئے موجودہ صورتحال کی اصل ذمہ دار یعنی صیہونی حکومت پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیویڈ لیمی کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران علاقے میں جنگ اور کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا تاہم صیہونی حکومت کو یقینی طور جواب دے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے بھی غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے علاقائی کشیدگی کو کم کرنے میں ایران سے فعال کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
آرمینیا کے وزیر خارجہ آرارات میرزویان نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب کو فون کر کے انہیں مبارکباد پیش کی اور اپنے ملک کی ارضی سالمیت کی حمایت پر تہران کا شکریہ ادا کیا۔ شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں بھی فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی مزید تقویت اور غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کے مقابلے میں مزاحمت و استقامت پر زور دیا۔

ٹیگس