فلسطین کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کے آرمینیا کے اقدام کی قدردانی، حماس
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطین کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کے آرمینیا کے اقدام کی قدردانی کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کے مطابق حماس نے ایک بیان جاری کرکے آرمینیا کی جانب سے فلسطین کو سرکاری طور پر تسلیم کئے جانے کی قدردانی کرتے ہوئے دنیا کے دوسرے ملکوں سے اسی طرح کا قدم اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ ہم آرمینیا کے اس اقدام کو بین الاقوامی برادری کی جانب سے فلسطینی عوام کے حقوق کو سرکاری طور پر تسلیم کئے جانے اور سرزمین فلسطین سے نازی صیہونیوں کا ناجائزہ قبضہ ختم ہونے نیز ایک ایسی آزاد فلسطینی مملکت کی، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، تشکیل کی آرزو کی تکمیل کی راہ میں اٹھایا جانے والا ایک اہم قدم سمجھتے ہیں۔
حماس نے اپنے بیان میں ایک بار پھر دنیا کے سبھی ملکوں سے اپیل کی ہے کہ غاصب صیہونیوں کے خلاف مظلوم فلسطینی عوام کی مجاہدت کی حمایت میں وہ بھی اس طرح کا قابل تحسین اقدام کریں اور غاصب صیہونی حکام کو جنہوں نے فلسطینی عوام کی نسل کشی اور نسلی تصفیے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، الگ تھلگ کردیں۔
یاد رہے کہ جمعہ اکیس جون کو آرمینیا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے آزاد فلسطینی مملکت کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آرمینیا کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ غزہ کی المناک انسانی صورتحال، ان اہم ترین مسائل میں سے ہے جو بین الاقوامی سیاسی راہ حل کے متقاضی ہیں۔ آرمینیا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہم غزہ کی شہری تنصیبات پر حملوں اور عام شہریوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے وحشیانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ آرمینیا کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ان قراردادوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جن میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
آرمینیا کی جانب سے فلسطین کو سرکاری طور پر تسلیم کئے جانے کے بعد غاصب صیہونی حکومت نے تل ابیب میں آرمینیا کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے ایروان کے اس صحیح اقدام کی مذمت کی ہے۔