حلب کی کامیابی نے دہشت گردوں کے حامیوں کو الگ تھلگ کردیا : خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ شام کے شہر حلب کی آزادی اور استقامتی محاذ کی کامیابی نے دہشت گردوں اور علاقے میں ان کے حامیوں کو ذلیل اور الگ تھلگ کردیا ہے-
تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں شام کے شہر حلب کی آزادی کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ حلب میں استقامتی محاذ کی کامیابی نے ثابت کردیا کہ بڑی طاقتیں اور تکفیری گروہ اپنے علاقائی حامیوں کے تیل اور ڈالر سے عوامی استقامت کا مقابلہ نہیں کرسکے - انہوں نے حلب کی فتح کو اسلامی نظام کی فتح قراردیا اور کہاکہ حلب آج ، حرم کے دفاع میں شہید ہونے والوں کے خون کی قیمت پر آزاد ہوا ہے -
تہران کے خطیب جمعہ نے بحرینی عوام کی مظلومیت کے سلسلے میں انسانی حقوق اور آزادی کے دعویداروں کی خاموشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی عوام صرف آزادی بیان اور اپنے انفرادی حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن بحرینی حکومت نہ صرف یہ کہ ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے بلکہ مساجد اور امامبارگاہوں کو مسمار اور مذہبی رہنماؤں کی شہریت منسوخ کررہی ہے -
تہران کے خطیب جمعہ نے آل خلیفہ حکومت کے مظالم پر انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی خاموشی شرمناک اور ایک ایسی حکومت کے اقدامات کو جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے جہاں اب تک ایک بار بھی آزادانہ انتخابات نہیں ہوئے ہیں -
حجت الاسلام کاظم صدیقی نے یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں اور نسل کشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت مسلمانوں کے پیسوں سے اسلامی ملکوں کو تباہ کررہی ہے لیکن عوام کی بیداری اور عوام کی استقامت آل سعود حکومت کی نابودی کا باعث بنے گی -