صدر مملکت کا تین ملکوں کا دورہ ختم، تہران واپس پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی تین ملکوں آرمینیا، قزاقستان اور کرغیزستان کا دورہ مکمل کر کے جمعہ کے روز تہران واپس پہنچ گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے وسطی ایشیا اور قفقاز کے علاقے کے تین ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں کرغیزستان میں اس ملک کے صدر اور دیگر حکام سے گفتگو کی۔ کرغیزستان کے صدر الماس بیگ آتامبایف نے بیشکک میں صدر مملکت کا سرکاری استقبال کیا جس کے بعد دو طرفہ مذاکرات انجام پائے جن میں دونوں ملکوں نے تعاون کے پانچ معاہدوں پر دستخط کیے۔
ان معاہدوں پر دستخط کے بعد صدر مملکت نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ تہران اور بیشکک نے سیاسی و اقتصادی شعبوں میں اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں اور دونوں کے تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔آلماس بیگ آتامبایف نے بھی اس پریس کانفرنس میں شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی رکنیت کی حمایت کی اور کہا کہ ایران کی شمولیت سے شنگھائی تعاون تنظیم کی پوزیشن بہتر ہو گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح ایران اور کرغیرستان کے وفود کے مشترکہ اجلاس میں وسطی ایشیا سمیت علاقے کے ممالک کے ساتھ تعلقات میں توسیع کو ایران کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں نے باہمی تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دس سالہ پروگرام تیار کیا ہے۔