Jan ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کی حمایت، صیہونی حکومت کے مقاصد کی تکمیل ہے ، ڈاکٹر لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے دہشت گردوں کے لئے علاقے کے بعض ملکوں کی حمایت کو صیہونی حکومت کے مقاصد کی تکمیل کی کوشش قرار دیا ہے

ایران کی پارلیمنٹ  مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کو تہران میں عراق کے نائب صدر نوری مالکی سے ملاقات میں دہشت گردوں کی حمایت کرکے علاقے میں بحران پیدا کرنے کی خطے کے بعض ملکوں کی پالیسیوں اور کردار پر تنقید کی - انہوں نے عراق کے سیاسی گروہوں اور جماعتوں کے درمیان اتحاد اور قومی آشتی کو دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی عوام  کی کامیابی کا راز بتایا اور کہا کہ عراقی جماعتوں کی صفوں میں مضبوط اتحاد ، وسیع البنیاد یکجہتی اور سیاسی قوتوں کے مابین اختلافات کے خاتمے سے دشمنوں کے مقابلے میں عراقی عوام کی مشکلات کے حل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے - انہوں نے ایران اورعراق کے باہمی تعلقات میں روز افزوں توسیع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے سیاسی اور اقتصادی تعاون اور تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے ایران اورعراق میں بہت سی صلاحتیں پائی جاتی ہیں -  عراق کے نائب صدر نوری مالکی نے بھی علاقے کے مسائل اور خاص طور پرعراق اور شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں ایران کے اصولی موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پالیسی ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور استقامتی محاذ کی حمایت پر استوار رہی ہے -

 

ٹیگس