Jan ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
  • انسداد منشیات کے حوالے سے ایران کے کردار کی تعریف

جرمن پولیس چیف نے انسداد منشیات کے حوالے سے ایرانی پولیس فورس کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تہران میں پولیس چیف حسین اشتری سے بات چیت کرتے ہوئے جرمن پولیس چیف ڈیٹر رومن کا کہنا تھا کہ ایرانی پولیس منشیات کی یورپ اور دیگر ملکوں کو اسملنگ روکنے کے لیے جس تندہی سے کام لے رہی ہے وہ لائق تحسین ہے۔
جرمن پولیس چیف نے کہا کہ ان کا ملک، سیکورٹی اور پولیس کے شعبے خاص طور سے سرحدی نگرانی کے میدان میں ایران کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن پولیس ، سرحدی سیکورٹی اور سمندی جہاز رانی کے تحفظ کے حوالے سے بھی ایران کے ساتھ باہمی تعاون کے لیے بھی تیار ہے۔
جرمن پولیس چیف نے اپنے ایرانی ہم منصب بریگیڈیئر حسین اشتری کو جرمنی کے دورے کی بھی دعوت دی۔
ایران کی پولیس فورس کے سربراہ بریگیڈیئر حسین اشتری نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران منظم جرائم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے، جرمنی کے ساتھ معلومات اور تجربات کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔
بریگیڈئیر حسین اشتری نے کہا کہ ایران کی پولیس فورس دنیا بھر کے نوجوانوں کو بچانے کے لیے، پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کا مقابلہ کر رہی ہے۔

ٹیگس