Jan ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • دہشت گردی مخالف جنگ میں شام کی حمایت جاری رہے گی: علی لاریجانی

اسپیکر پارلیمنٹ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کی بیخ کنی تک، شام کی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

تہران میں، شام کے وزیراعظم عماد خمیس سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ حلب کی آزادی سے اس بات کی نشاندھی ہوتی ہے کہ شام کے عوام مناسب قوت اور طاقت کے مالک ہیں۔
ایران کے اسپیکر نے یہ بات زور دیکر کہی کہ تہران اور دمشق تعلقات اسٹریٹیجک راستے پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، آستانہ مذاکرات کا مخالف نہیں ہے تاہم مذاکرات کے دوران شامی عوام کے مفادات اور ارضی سالمیت کو ترجیح حاصل ہونا چاہیے۔
شام کے وزیراعظم عماد خمیس نے اس موقع پر کہا کہ ، ایران شروع ہی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حکومت اور عوام کی حمایت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور شام کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ تاریخی، مذہبی اور تہذیبی رشتوں کے تناظر میں تہران کی جانب سے دمشق کی حمایت کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہے۔
شام کے وزیراعظم نے کہا کہ، شام اور ایران کے عوام کی استقامت اور مجاہدت کے نتیجے میں حلب شہر آزاد ہوا ہے اور یہ کامیابی دراصل دونوں ملکوں کے عوام کی کامیابی ہے۔
شام کے وزیراعظم نے جنگ بندی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، یہ جنگ بندی شامی حکومت کی طاقت کی علامت ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ دمشق حکومت ملک میں قیام امن اور جنگ کے خاتمے کے لیے ہر تجویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔

 

ٹیگس