Jan ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • پلاسکو سانحے میں فائربریگیڈ کے عملے کی فداکاری قابل تعریف ہے : صدرمملکت

صدر مملکت نے پلاسکو تجارتی کمپلیکس کے سانحے کے متاثرین کے اہل خانہ کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں سانحے پر غم و اندوہ کا اظہار کرتے ہوئے فائربریگیڈ کے عملے کی ایثار و فداکاری کو سراہا ہے-

 ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاسکو تجارتی کمپلیکس سانحے پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ تہران کی پلاسکو عمارت کا ناگوار سانحہ اگرچہ دردناک ہے لیکن فائربریگیڈ کے عملے نے اس میدان میں جس بہادری اور فداکاری کا مظاہرہ کیا اور اپنے ہم وطنوں کی جان بچانے کے لئے جس طرح اپنی جان قربان کی اس نے ملت ایران کو سوگوار اور قوم کے ان جیالوں  کے ایثار و فداکاری کے جذبے کی تعریف و تمجید پر مجبور کر دیا ہے- صدر روحانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں فائربریگیڈ کے عملے، میڈیکل ٹیموں اور پولیس و سیکورٹی عملے کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سانحے میں جاں بحق ہونےوالوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی اور اپنے ہم وطنوں کی جان بچانے کے لئے اپنی جان کی بازی لگانے والوں کے لئے بارگاہ الہی میں رحمت و مغفرت کی دعا کی-  فائربریگیڈ کے عملے کے ترجمان جلال ملکی کا کہنا ہے کہ پلاسکو تجارتی کمپلیکس سانحے میں لوگوں  کی جان بچانے کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے فائربریگیڈ کے عملے کے تقریبا بیس جوانوں کے بارے میں ابھی تک کچھ پتہ نہیں چلا ہے- تہران کے میئر محمد باقر قالیباف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائربریگیڈ کے عملے نے پلاسکو عمارت کی آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی اور فائربریگیڈ کے عملے کے جوانوں کے علاوہ ملبے میں کسی اور کے دبے رہنے کا امکان بہت کم ہے -

ٹیگس