ایران میں عام سوگ قومی پرچم سرنگوں
ایران میں عام سوگ کے پیش نظر ملک کے اندر اور بیرون ملک سفارتخانوں اور نمائندہ دفاتر میں ہفتے کو ایران کا پرچم سرنگوں ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزات خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ تہران کے پلاسکو تجارتی کمپلیکس سانحے کے باعث سنیچر کو ایران میں عام سوگ کے اعلان کے پیش نظر ملک کے اندر اور بیرون ملک سفارت خانوں اور نمائندہ دفاتر میں ایران کا پرچم جھکا دیا گیا ہے - وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سنیچر کو عام سوگ کے اعلان کے پیش نظر ملک کے باہر تمام سفارت خانوں اور قونصلخانوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ایران کے پرچم کو جھکا دیں اور بہت سے ممالک کے حکام اور شہریوں کی جانب سے اس دردناک سانحے پر ہمدردی کے پیغامات درج کرنے کے لئے سفارتخانوں میں گیسٹ بک بھی رکھ دیں - اس سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم ، شیرخارجہ ، شام کے صدر و اسپیکر اور جارجیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سمیت مختلف ملکوں کے رہنماؤں اور حکام کی جانب سے پلاسکو سانحے پر ملت ایران اور حکومت کو تعزیت پیش کی جا چکی ہے- تہران کے پلاسکو تجارتی کمپلیکس کے سانحے میں فائربریگیڈ کے عملے کے بعض اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر سنیچر کو ایران میں عام سوگ ہے - پلاسکو تجارتی کمپلیکس انیس جنوری کو آتشزدگی کا شکار ہوگیا جس میں پندرہ طبقے کی یہ عمارت پوری طرح تباہ ہوگئی ہے- تہران کے فائربریگیڈ کے ادارے کے ترجمان جلال ملکی نے بتایا ہے کہ سانحے کا شکار ہونے والے فائر بریگیڈ کے دو اہلکاروں کی لاشیں مل گئی ہیں - جبکہ بعض ذرائع نے خبر دی ہے کہ اب تک پلاسکو کمپلیکس میں فداکاری کرنے والے فائر بریگیڈ کے چار کارکنوں کی لاشیں مل چکی ہیں -