Jan ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • برطانیہ انسانی حقوق کا دعویدار نہیں بن سکتا : بہرام قاسمی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ انسانی حقوق کے سلسلے میں اپنے سیاہ کارناموں کے ساتھ دنیا میں انسانی حقوق کو فروغ دینے کا دعویدار نہیں بن سکتا

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں برطانیہ کی نائب وزیرخارجہ جویس انلی کے مداخلت پسندانہ بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جویس انلی کے مداخلت پسندانہ ، اشتعال انگیز ، غیرسنجیدہ اور غلط بیانات ماضی کی طرح غیرمعتبر ذرائع کی بنیاد پر سامنے آیے ہیں جوبے بنیاد اور قابل مذمت ہیں - وزارت خارجہ کے ترجمان  نے کہا کہ خود مختار ملکوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے انسانی حقوق کو سیاسی اور تشہیراتی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنا اس زمانے میں ایک فرسودہ اور بے کار حربہ بن چکا  ہے- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران ، ایرانی شہریوں کے خلاف انسانی حقوق کے سلسلے میں بے بنیاد دعوؤں کو اپنے داخلی امور میں مداخلت اور ناقابل قبول سمجھتا ہے- وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ ایک خودمختار عدلیہ کی حیثیت سے قانونی ثبوت و شواہد کی بنیاد پر جرائم اور خلاف ورزیوں کا جائزہ لیتی ہے - بہرام قاسمی نے کہا کہ مہاجر وں،  پناہ گزینوں اور مزدوروں خاص طور سے بچوں اور عورتوں کے حقوق کی خلاف ورزی ، شام کے بعض علاقوں پر برطانیہ کے فضائی حملے اور اس ملک میں بےگناہ شہریوں کا قتل عام اور بچوں کے قاتل سعودی عرب کوجدید اور تباہ کن ہتھیار فروخت کرکے یمن کے عوام کے خلاف ظالمانہ جرائم ، قتل عام اور اس ملک کی تباہی و بربادی میں شرکت برطانوی حکومت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی کے لئے انجام دیئے جانے والے اقدامات کا صرف ایک حصہ ہے-

 

ٹیگس