Jan ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
  • سانحہ پلاسکو میں شہید ہونے والے فائر فائٹر سپردخاک

تہران میں سانحہ پلاسکو ٹاور میں شہید ہونے والے فائر فائٹروں کو اشک بار آنکھوں کے ساتھ، تاریخی بہشت زہرا قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق شہید فائر فائٹروں کے جلوس جنازہ میں اعلی سول اور فوجی حکام کے علاوہ لاکھوں کی تعداد میں عام شہریوں نے شرکت کی۔
شہیدوں کی تدفین میں، رہبر انقلاب اسلامی کے چیف آف اسٹاف حجت الاسلام محمدی گلپائیگانی، اسپیکر علی لاریجانی، عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی، اور تہران کے میئر محمد باقر قالیباف اور دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔
شہدا کی نماز جنازہ تہران کے قلب میں واقع عیدگاہ امام خمینی میں ادا کی گئی جس کے بعد شہدا کے جسد خاکی کو جلوس کی شکل میں شہر کے نواح میں واقع بہشت زہرا قبرستان لایا گیا۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے اور لوگ راستے بھر نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے رہے۔
ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ سانحہ پلاسکو میں شہید ہونے والے سولہ فائرفائٹروں میں سے تیرہ کو بہشت زہرا قبرستان میں سپردخاک کیا گیا ہے جبکہ تین کی میتیں ان کے آبائی شہروں کو روانہ کردی گئی ہیں۔
اس موقع پر فائر فائٹروں کے جذبہ ایثار و فداکاری کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ انیس جنوری کو تہران کے اہم تجاری مرکز پلاسکو ٹاور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے عمارت کی بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔فائر بریگیڈ کے اہلکار آگ بجھانے میں مصروف تھے کہ پلاسکو ٹاور کی سترہ منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں سولہ فائر فائٹر ملبے تلے دب کر شہید ہوگئے تھے۔

 

ٹیگس