Feb ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران میں کربلا کی شیر دل خاتون کی ولادت باسعادت کا جشن

نواسی رسولۖ اور جگر گوشہ علی و بتول (ع) حضرت زینب کبری(س) کی شب ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران خاص طور سے مقدس شہروں میں جشن و سرور کا سماں رہا۔

کربلا کی شیر دل خاتون ثانی زہرا حضرت زینب کبری (س) کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایران کے مختلف شہروں کی سڑکوں اور گلی کوچوں اور اسی طرح مساجد نیز امام بارگاہوں اور دیگر مقدس مقامات کو نہایت شاندار طریقے سے سجایا گیا اور چراغانی کی گئی۔
اسی مناسبت سے شہر مشہدالمقدس میں خاص طور سے محفلوں کا اہتمام کیا گیا اور خصوصی تقاریب منعقد ہو ئیں اور اہلبیت اطہار(ع) کے عقیدتمندوں نے آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا(ع) کے حرم مطہر میں حاضری دیتے ہوئے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اسی طرح قم المقدسہ میں چہاردہ معصومین (ع) کے متوالوں نے آٹھویں امام حضرت علی رضا(ع) کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ (س) کے حرم مطہر میں جمع ہو کر ثانی زہرا حضرت زینب کبری (س) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ہدیہ تبریک و تہنیت اور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
شام کے شہر دمشق میں سید زینب سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی محافل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان اہلبیت عصمت وطہارت نے شرکت کی۔
کربلائے معلی میں بھی سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی شب ولادت کے موقع پر جشن کا سماں رہا اور بارگاہ حسینی کے مختلف گوشوں میں، مختلف زبانوں میں قصیدہ خوانی کی محفلیں منتقد کی گئی جن میں عراقی شہریوں کے علاوہ دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین نے شرکت کی۔
نجف اشرف میں، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے والد گرامی حضرت علی علیہ السلام کے روضے پاک میں بھی ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند جمع تھے جو بارگاہ مرتضوی میں، عقیدت کے پھول نچھاور کرکے، آپ کو آپ بیٹی کی ولادت کی مبارک باد پیش کر رہے تھے۔
سیدہ زینب سلام اللہ کے کی شب ولادت کے موقع پر پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے متعدد ملکوں سے خصوصی تقریبات اور محافل میلاد منعقد کیے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
کربلا کے تپتے صحرا میں پیکر صبر و استقامت بھائی حسین اور شجاع بھائی عباس اور تمام اصحاب باوفا کی شہادت کے بعد حضرت زینب کبری (س) نے ہی میدان کربلا کا معرکہ سر کیا اور اس کے بعد کوفہ و شام کے بازاروں میں لہجہ علی میں خطبے دے کر تحریک حسینی کو آگے بڑھایا ، ظالم حکمرانوں کے تخت و تاج کو زمین بوس کیا اور تاقیامت دشمنوں کو رسوا کر دیا۔
کربلا کی شیر دل خاتون ثانی زہرا حضرت زینب کبری (س) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے سحر اردو کی جانب سے آپ تمام حضرات کی خدمت میں تہ دل ہدیہ تبریک تہنیت پیش کرتے ہیں۔

 

ٹیگس