ایران میں پانچ جدید دفاعی ہتھیاروں کی رونمائی
اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ یعنی عشرہ فجر کے ساتویں روز ایران کے پانچ جدید دفاعی اور فوجی ساز و سامان کی رونمائی کی گئی
ایران کے جدید دفاعی ساز و سامان کی تقریب رونمائی میں وزیر دفاع حسین دہقان نے بھی شرکت کی - اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ جن ہتھیاروں کی پروڈکشن لائن کا آج افتتاح ہوا ہے اس سے انفرادی دفاع اور ایئر ڈیفنس کے شعبوں میں مسلح افواج کی توانائیوں میں مزید اضافہ ہوگا اور مسلح افواج کی آپریشنل قوت قابل ذکرحد تک بڑھ جائے گی - وزیردفاع حسین دہقان نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی اڑتیسویں سالگرہ کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت دفاع نے زمینی جنگ اور ایئرڈیفنس کے شعبوں میں مسلح افواج کی تقویت کے دائرہ کار میں ان فوجی ساز و سامان اور سسٹموں کی ڈیزائیننگ اور پروڈکشن لائن کا افتتاح کرکے مسلح افواج کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے راستے میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے - انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں میں وزارت دفاع کے دفاعی ساز وسامان کی پیداوار میں انہتر فیصد اضافہ ہوا ہے- ان کا کہنا تھا کہ اس عرصے میں ایک سوپندرہ سے زائد جدید فوجی ساز و سامان کی ڈ یزائیننگ کرکے ان کو تیار کیا گیا - پیر کو جن جدید دفاعی اور فوجی ساز وسامان کی رونمائی کی گئی ان میں فجر پانچ نامی گائیڈڈ راکٹ اور کندھوں پر رکھ کر فائر کئے جانے والے انواع و اقسام کے گرینیڈ اور کیلیبر جیسے جدید ترین ہتھیار شامل ہیں -