ایرانی عوام کو دھمکی دینے کی پالیسی ناکام پالیسی ہے : ایران کے نائب صدر
ایران کے نائب صدر نے حکومتوں اور افراد کو ایرانی عوام کے ساتھ دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے سے باز رہنے کی نصحیت کی ہے
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے جنوب مغربی ایران کے آبادان ہوائی اڈے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومت اور افراد ، ایران کی عظیم قوم کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کریں گے انھیں ناکامی کا منھ دیکھنا پڑے گا- اسحاق جہانگیری نےاس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ملت ایران ، دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہے کہا کہ ایران ، مفاہمتی عمل کا خیرمقدم کرتا ہے لیکن جو لوگ دھمکی کی زبان استعمال کریں گے وہ یقینا شکست سے دوچار ہوں گے- ایران کے نائب صدر نے ایرانی عوام کے سلسلے میں امریکی صدر کے حالیہ اقدامات کے بارے میں کہا کہ امریکیوں نے غلط روش اختیار کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اس راستے کو ترک کردیں گے اورمفاہمت کا راستہ اختیار کریں گے- ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان عدم اعتماد کی بلند دیوار کھڑی ہے کہا کہ ملت ایران ، ایران کے بہت سے مسائل میں امریکیوں کا کردارنہیں بھلا سکتی -