امریکیوں کے اندر مسلمانوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں : ڈاکٹر علی اکبر ولایتی
ایران کے سینئر سیاستداں اور سابق وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ امریکی حکمرانوں میں مسلمانوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں ہے
اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل اور سابق وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ امریکی حکمرانوں میں مسلمانوں کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہیں ہے
علی اکبر ولایتی نے تہران میں انقلاب اسلامی کی کامیابی کی اڑتیسویں سالگرہ کی تقریبات شرکت کے لئے آنےوالےغیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں منعقدہ ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کے پاس مستقبل کے لئے کوئی پروگرام نہیں ہے اور اسی وجہ سے وہ غیر منطقی رجز خوانی کررہے ہیں اور انھیں اس رجز خوانی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ ان کے اندر مسلمانوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت ہی نہیں ہے - ایران کے سینئر سفارتکار اور سابق وزیر خارجہ نے مشرق وسطی ، شام اور عراق کو تقسیم کرنے کے لئے امریکی منصوبے کی ناکامی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی توسیع پسندی اور سامراجیت کے سامنے مسلمانوں کی استقامت اور اسلامی بیداری کی لہر نے امریکی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے - انھوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات کو عدم تدبیر اور تضادات کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ان بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ مغربی دنیا خاص طور سے امریکہ کو مسلمانوں کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے اور وہ سراسیمگی کیفیت سے دوچار ہے - ڈاکٹر ولایتی نے اغیار ، امریکیوں اور صیہونیوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس استقامت کے باعث عراق ، لیبیا ، یمن ، شام ، فلسطین ، افغانستان ، تیونس، مصر ، اور مشرقی ایشیاء کی قومیں بھی سامراج کے تسلط کے سامنے ڈٹ گئیں - ایران کے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب پوری دنیا سے متعلق ہے اور اسلامی بیداری کی لہریں پورے عالم اسلام اور دنیائے انسانیت تک پہنچ چکی ہیں اور ہر روز دنیا کے کسی نہ کسی حصے میں اس کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں-
اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے تہران میں منعقدہ ہمفکری کے زیر عنوان بین الاقوامی سیمینار میں مختلف ملکوں کے ساڑھے چار سو مفکرین، دانشوروں اور سیاستدانوں نے شرکت کی ۔ہمارے نمائندے کے مطابق اس بین الاقومی سیمینار میں شام ، فلسطین، عراق، امریکا، فرانس، تیونس، اور برطانیہ سمیت دنیا کے پچیس ملکوں کے دانشوروں اور مفکرین نے شرکت کی ہے ۔یاد رہے کہ جمعہ بائیس بہمن مطابق دس فروری کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ ہے ۔ ایران میں یوم آزادی کے جلوسوں میں عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے دسیوں لاکھ افراد شرکت کرتے ہیں ۔اس سال اسلامی جمہوریہ ایران سمیت مختلف اسلامی ملکوں کے خلاف نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات ، رجزخوانی اور دھمکیوں کے پیش نظر یوم آزادی کے جلوسوں میں شرکت کے لئے عوام کے مختلف طبقات نے زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے ۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی اپنے حالیہ خطاب میں فرمایا ہے کہ ایرانی عوام امریکی دھمکیوں کا جواب یوم آزادی کے جلوسوں میں دیں گے۔