ایران کے خلاف امریکی دشمنی بدستور جاری ہے : وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایران کے سلسلے میں امریکی دشمنی مسلسل جاری ہے
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے وہائٹ ہاؤس کے ترجمان کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے امریکہ میں کچھ تبدیلیاں آئی ہوں لیکن جس چیز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے وہ ایران اور ایرانیوں کے سلسلے میں امریکی دشمنی ہے - بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے رویے اور فیصلوں کے بارے میں ہر روز طرح طرح کی خبریں سامنے آنا ، اس ملک کے بعض نئے حکام کے غلط بیانات اور حالیہ دنوں میں دنیا کے مختلف علاقوں اور امریکہ کے اکثر شہروں میں بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں نے پوری طرح واضح کر دیا ہے کہ امریکہ میں صدر تبدیل ہو گیا ہے- وائٹ ہاؤس کے ترجمان شان اسپایسر نے ابھی حال ہی میں کہا ہے کہ ایران اس بات کی جانب متوجہ نہیں ہے کہ امریکہ میں نیا صدر برسراقتدار آگیا ہے - اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ جو چیز تبدیل نہیں ہوئی ہے وہ ایران کے سلسلے میں امریکہ کی وہ دیرینہ دشمنی ہے کہ جس کے کچھ گوشوں کو اس ملک میں نئے صدر کے برسراقتدار آنے کے کچھ ہی دنوں بعد دنیا دیکھ رہی ہے - بہرام قاسمی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی تقریبات کے جشن عشرہ فجر اور ایران پر امریکہ کے تسلط کے خاتمے کی یاد دلاتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایک دوسرا موضوع کہ جس میں تبدیلی نہیں آئی ہے وہ وائٹ ہاؤس کے حکام کی توسیع پسندی ، زیادہ طلبی ، سازشوں اور دشمنیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے عاقلانہ ، مدبرانہ اور عزت مندانہ راستے پرگامزن رہنے اور اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لئے ایران کی عظیم قوم اور حکومت کا عزم و ایمان ہے -