Feb ۰۹, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا منادی اور پیشقدم رہا ہے : صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران ، علاقے اور پوری دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جد وجہد کے لئے آواز بلند کرتا ہے اور اس میدان میں آگے آگے ہے

 موصولہ رپورٹ کے مطابق صدر حسن روحانی نے ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی اڑتیسویں سالگرہ کے موقع پر تہران میں غیر ملکی سفیروں اور نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے علاقے کے تمام ممالک کو خبردار کیا تھا کہ عراق کا سابق ڈکٹیٹر صدام اور طالبان علاقے کے امن و سیکورٹی کے لئے سنگین خطرہ ہیں - صدر حسن روحانی نے ملکوں کے اتحاد ، عالمی افکار و نظریات پر گفتگو و تبادلہ خیال کی ضرورت اور تشدد و انتہاپسندی کی نفی کو امن و سیکورٹی کے لئے لازمی قرار دیا اور کہا کہ ایران ہمیشہ ، علاقے میں امن و سیکورٹی کا خواہاں رہا ہے اور اس کا خیال ہے کہ اگر ممالک کے درمیان اختلاف رائے ہو تو مذاکرات سے بہتر کوئی راستہ نہیں ہے - ایران کے صدر نے کہا کہ عام تباہی پھیلانے والے ہتھیار پوری دنیا کے لئے خطرہ ہیں اور ان ہتھیاروں سے پیدا ہونے والے انسانی المیہ کو روکنے کے لئے تمام ملکوں کو تعاون اور کوشش کرنا چاہئے- صدر حسن روحانی نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ ایران ہر اس ملک اور قوم کی حمایت کرتا ہے جو دہشت گردی کے خلاف جد و جہد کر رہی ہے ، کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جد و جہد اور علاقے و دنیا میں امن و سیکورٹی کا قیام ، انسانی معاشرے کی ضرورت کی حیثیت سے تمام ملکوں کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہونا چاہئے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران ایک ایسا ملک ہے کہ جو اقتصادی لحاظ سے نئے میدانوں کا حامل ہے اورمشترکہ مفادات کے شعبوں میں تمام ممالک کے ساتھ تعاون اور صلاح و مشورے کے لئے تیار ہے-     

 

ٹیگس