ایران دفاعی طاقت میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھے گا
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا ہے کہ تہران ممکنہ خطرات کے مقابلے کے لیے دفاعی طاقت میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
تہران میں ذرائع ابلاغ کے لیے پہلے ایثار ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق جہانگیری نے کہا کہ دفاع مقدس کے تجربات کی روشنی میں ایرانی قوم وطن کے دفاع کے لیے لازمی آلات اور ہتھیاروں کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
انہوں نے یہ یاد دھانی کرائی کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ کے دوران تہران اور ملک کے دیگر علاقے دشمن کے میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں اور یہ میزائل بڑی طاقتوں نے عراق کے سابق ڈکٹیٹر صدام کی حکومت کو فراہم کئے تھے۔
نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا کہ آج جب ایران کے عوام اپنے دفاع اور دشمن کے حملے روکنے کے لیے میزائل اور دیگر فوجی سازو سامان تیار کرنے میں مصروف ہیں، ہمارے دشمنوں کو میزائل فراہم کرنے والی طاقتیں میزائل پروگرام کے بہانے ایران پر پابندیاں عائد کر رہی ہیں۔
ایران کے نائب صدر نے دفاع مقدس کے آٹھ سالہ دور کو عظیم ایرانی قوم کے ایثار اور فداکاری کا بہترین نمونہ قرار دیا۔