ایران اور پاکستان کے تعلقات کا فروغ غیر معمولی اہمیت کا حامل
ایران کے وزیر خارجہ نے ایران اور پاکستان کے سیاسی و اقتصادی تعلقات و تعاون کے فروغ کو نہایت اہم قرار دیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے گفتگو میں ایران اور پاکستان کے خوشگوار تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بجلی کی سپلائی،توانائی، بینکاری، کسٹم اور سرحدی لین دین کو بہت زیادہ اہم قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ مشترکہ کوششوں سے دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ سمجھوتوں اور منصوبوں پر تیزی کے ساتھ عمل ہو گا اور مستقبل میں دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں مزید فروغ کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
اس ملاقات میں پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی اپنے دورہ تہران اور ایران کے وزیر خارجہ اور دیگر اعلی حکام سے اپنی ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات کئے ہیں۔
انھوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی تعاون کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔
سرتاج عزیز نے علاقے کے مسائل منجملہ القاعدہ اور داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں تعاون، افغانستان کی صورت حال اور ایران، افغانستان اور پاکستان کے سہ فریقی تعاون کے فروغ کے بارے میں گفتگو کی۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں خاص طور سے دفاعی شعبے میں تعاون کی توسیع کے مقصد سے تہران کا دورہ کیا ہے۔