صیہونی حکومت کو سانس لینے کا موقع نہیں دیا جانا چاہئے،ایرانی اسپیکر
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امت اسلامیہ کے اتحاد کو فلسطینی عوام کی نجات کی کنجی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو سانس لینے کا بھی موقع نہیں دیا جانا چاہئے
پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کی رات فلسطین کی حمایت میں منعقدہ چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کے اختتام کے موقع پر کانفرنس میں بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کی شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرضی عداوتین پیدا کرنا، ذہنوں کو صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد سے منحرف کرنا اور غاصب صیہونی حکومت اور بعض عرب حکومتوں کے درمیان منحوس رشتوں کی برقراری یہ وہ معاملات ہیں جن کی وجہ سے مسلمانوں سے ہمدردی رکھنے والے طبقوں میں تشویش پیدا ہورہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ امریکا اور صیہونی حکومت کوجان لینا چاہئے کہ فلسطین کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے جسے فراموش کردیا جائے بلکہ یہ عالم اسلام کا بنیادی اور سب سے اہم مسئلہ ہے۔
فلسطین عالم اسلام کا بنیادی اور سب سے اہم مسئلہ ہے، لاریجانی
انہوں نے کہا کہ یہ اور بات ہے کہ عالم اسلام اس وقت سیکورٹی کے بحرانوں سے دوچارہے مگر فلسطین بدستور عالم اسلام کا بنیادی مسئلہ ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ فلسطینی گروہوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی پہلے سے بھی زیادہ مستحکم ہونی چاہئے کہا کہ فلسطینی گروہوں کے درمیان ماضی میں جو اختلافات رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ان اختلافات کو بھلا کر اپنی جد وجہد اور مزاحمت کا راستہ آگے بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فلسطین کانفرنس کے نتائج و ثمرات کا اندازہ لگانے کے لئے ایک سکریٹیٹ بھی قائم کیا جانا چاہئے۔