Feb ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • انتخابات دشمن کے مقابلے میں ایران کی بڑی طاقت ہیں، صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ انتخابات، دشمن کے مقابلے میں ایران کی بڑی طاقت ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے آئندہ انتخابات میں رقابت اور ان کا شاندار انعقاد، پوری دنیا میں ایران کے دشمنوں کے لئے باعث حیرت اور ایران کے دوست ملکوں کے لئے امید کا باعث بنیں گے۔

ایران میں بارہویں صدارتی اور پانچویں بلدیاتی انتخابات آئندہ انّیس مئی کو ہوں گے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز ایران کے الیکشن منتظم اراکین کے ساتھ اجلاس میں کہا کہ ایرانی عوام کی جانب سے مسائل و مشکلات کے مقابلے میں استقامت  اور انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کی وجہ، دشمنوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوری نظام کو مضبوط و مستحکم بنانا ہے۔

انھوں نے سلامتی کے مسئلے کو قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ایران، مشرق وسطی کے بدامن علاقے میں واقع ہے تاہم ایران کی سلامتی کی بنیاد، عوام میں اتحاد و یکجہتی، اور سماجی سرمایہ نیز عوام کا اعتماد ہے۔

صدر مملکت نے عالمی جوہری تجارت میں ایران کی شمولیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری ترقی و پیشرفت نہ تو رکی ہے اور نہ ہی اس میں کوئی سست روی آئی ہے بلکہ ایران، اس وقت اپنا افزودہ یورینیم اور بھاری پانی فروخت اور یلو کیک کی خریداری کر رہا ہے۔

انھوں نے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی منسوخی کو ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کا ایک نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ دنیا کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ جن ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منشور کی شق نمبر سات کے تحت ایران کے خلاف قراردادیں منظور کروائی تھیں ان ہی ممالک کے ہاتھوں ان قراردادوں کی منسوخی کا اعلان ہوا۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی معاہدے کو دونوں فریقوں کی فتح قرار دیا اور کہا کہ دنیا کو اس بات کا اعتراف ہے کہ عالمی امن و سلامتی میں ایران کے ساتھ تعاون کئے جانے کی ضرورت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جون دو ہزار پندرہ میں ایٹمی معاہدے طے ہوا تھا جس پر جنوری دو ہزار سولہ سے عمل درآمد شروع ہوا ہے۔

ٹیگس