ایران میں دختر رسول(ص) کی شہادت کی مناسبت سےعزاداری
دختر رسول(ص) حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شہادت کے ایام کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی اور پارلیمنٹ اور عدلیہ کے سربراہوں کی شرکت سے تہران میں پیر کی رات حسینیہ امام خمینی میں مجلس عزا کا انعقاد ہوا۔
اس مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام و المسلمین صدیقی نے شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا (س) کے فضائل بیان کرتے ہوئے آپ کے اخلاقی و معنوی مقام و منزلت کو انسانی عقل و شعور کے ادراک سے بالاتر قرار دیا۔
انھوں نے خطبہ فدکیہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی سماج و معاشرے میں اہلبیت اطہار(ع) کے فرامین پر عمل، بنیادی اصول اور انصاف و اتحاد کی برقراری کا باعث ہے۔
مجلس عزا میں دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا (س) کے مصائب بھی بیان کئے گئے اور مرثیہ و نوحہ خوانی کی گئی۔
تہران میں حسینہ امام خمینی میں شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شہادت کے ایام کی مناسبت سے مجالس عزا کا یہ سلسلہ آئندہ جمعے تک جاری رہے گا۔
جمعرات یعنی تین جمادی الثانی مطابق دو مارچ کو بعض روایات کے مطابق دختر رسول، زوجہ علی مرتضی(ع) حضرت فاطمہ زہرا (س) کا یوم شہادت ہے۔ جبکہ ایک اور روایت کے مطابق تیرہ جمادی الاول کو آپ(س) کا یوم شہادت ہے۔
دختر رسول(ص) حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شہادت کے ایام کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں اور علاقوں میں مجالس و عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
اسی مناسبت سے ایران کے علاوہ عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور مختلف دیگر ملکوں میں بھی مجالس و ماتم اور نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے اور اہلبیت اطہار علیہم السلام کے چاہنے والے آپ کی لخت جگر کی شہادت کا غم نہایت ادب اور عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔