منفی پروپیگنڈے میں آکر میزائل پروگرام بند نہیں کریں گے، علی اکبر ولایتی
ایران کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے جس کا مقصد ملکی سرحدوں کا تحفظ کرنا ہے۔
بدھ کے روز تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے دفاع کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے اور ایران کے دفاعی پروگرام کا امریکہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، منفی پروپیگنڈے سے مرعوب ہونے والا نہیں ہے اور اپنی پالیسیوں کے مطابق جب بھی ضروری سمجھے گا دوسرے میزائلوں کا بھی تجربہ کرے گا۔
عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ، دنیا بھر کے عوام کے درمیان اختلافات اور تفریق پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ثابت کر دیا ہے وہ منفی پروپیگنڈے اور نفسیاتی دباؤ میں آکر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا بلکہ پوری قوت کے ساتھ آگے قدم بڑھا تا رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے کامیاب میزائل تجربات نے دشمن قوتوں، خاص طور سے امریکی ایوانوں میں غصے کی آگ بھڑکا دی ہے۔
ایرانی عہدیدار بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ تہران کا میزائل پروگرام، اس کی دفاعی اسٹریٹیجی کا حصہ ہے۔