ایٹمی معاہدہ پھاڑا تو نقصان امریکہ ہی کو ہوگا، ایران
ایران کے نائـب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے سے نکلنے کی صورت میں خود امریکہ کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔
تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جامع ایٹمی معاہدے کا جائزہ لے رہے ہیں اور رواں سال مئی کے وسط تک انہیں ایران کے خلاف پابندیوں کو معطل رکھنے کی مدت میں مزید توسیع کرنا ہوگی۔سید عباس عراقچی نے کہا کہ، موجودہ حالات امریکی صدر کے حق میں نہیں ہیں اور ان کے پاس، جامع ایٹمی معاہدے کی توثیق کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے کیونکہ اس کو پھاڑنے کی صورت میں نقصان امریکہ کو ہی کو اٹھانا پڑے گا۔ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پچھلے ایک برس کے دوران، تیل کی پیداوار اور برآمدات کے حوالے سے پابندیوں سے پہلے والی پوزیشن پر لوٹ آیا ہے اور تیل کے شعبے میں اسّی ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔