Mar ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • پڑوسی ملکوں کے نام ایران کے اسپیکر کا پیغام نوروز

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے علاقے کے ملکوں کے نام نوروز کے پیغام میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ پڑوسی ممالک باہمی تعاون سے تمام مسائل کو حل اور خطرات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہفتے کے روز مختلف ملکوں منجملہ آذربائیجان، ترکمنستان، افغانستان، پاکستان، تاجیکستان، کرغیزستان، قزاقستان، عراق، ترکی اور ازبکستان کے پارلیمانی اسپیکروں کے نام اپنے پیغام میں عید نوروز کی آمد کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی ہے۔

ڈاکٹر لاریجانی نے اپنے  پیغام میں علاقے کی اقوام کی ترقی و پیشرقت اور انصاف کے لئے دعا و آرزو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امن اور مختلف شعبوں میں ترقی و پیشرفت کے لئے علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمانی گفتگو، پائدار امن اور دوستانہ تعلقات کی تقویت کا باعث بنے گی۔

قابل ذکر ہے کہ ایران میں اکّیس مارچ سے نیا ہجری شمسی سال شروع ہوتا ہے یکم فروردین مطابق اکّیس مارچ سے جشن نوروز کا آغاز ہوتا ہے اور یہ تہوار ایران کی قدیم ثقافت کا اہم ترین حصہ ہے۔

یکم فروردین یعنی آغاز نو روز کو سنہ دو ہزار دس میں اقوام متحدہ کے کلینڈر میں بھی باضابطہ طور پر درج کیا گیا ہے۔

ٹیگس