فرزندرسول امام علی نقی علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے ایران اسلامی سوگوار و عزادار
فرزند رسول حضرت امام علی نقی علیہ السلام کی شب شہادت پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار و عزادار ہے
تین رجب فرزند رسول امام علی نقی علیہ السلام کا یوم شہادت ہے اس مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امامبارگاہوں میں مجالس عزا منعقد کی گئی ہیں اور علمائے کرام امام علی نقی علیہ السلام کے فضائل و مصائب بیان کرکے مومنین کو مثاب کررہے ہیں اس مناسبت سے مرکزی مجالس عزا کا اہتمام مشہد مقدس میں امام رضاعلیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم میں کیا گیا جہاں زائرین اور سوگواروں نے دسویں امام کے سوگ میں اشک غم بہائے اور مجالس کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے - سامرا میں جہاں امام علی نقی علیہ السلام کا روضہ واقع ہے سوگواروں اور زائرین کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جو امام کے حضور اشکوں کا نذرانہ پیش کررہی ہے - اس موقع پر سامرا میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئےگئے ہیں - کربلائے معلی، نجف اشرف اور کاظمین میں بھی امام علی نقی علیہ السلام کی تاریخ شہادت کی مناسبت سے مجالس غم اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے - امام علی نقی علیہ السلام پندرہ ذی الحجہ دو سوبارہ ہجری قمری کو مدینہ منورہ کے قریب اس دنیا میں تشریف لائے انہوں نے اپنے دور کے ظالم حاکموں کی تمام تر سختیوں کے باوجود اصل اسلام کے درخشاں چہرے کو دنیاوالوں کے سامنے پیش کیا - آپ نے اپنے علم کے بحربیکراں سے بہت سے شاگردوں کو سیراب کیا-