کرکوک میں غیر عراقی پرچم کشیدگی کا باعث بنے گا، ایران
ایران کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ تہران، کرکوک میں غیر عراقی پرچم لگائے جانے کو کشیدگی کا باعث اور عراق کے بنیادی آئین کے منافی سمجھتا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے عراق کے صوبے کرکوک کی صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، عراق کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے تحفظ پر مبنی اپنے اصلی موقف پر قائم ہے اور وہ تمام عراقی گروہوں سے اس بات کا خواہاں ہے کہ وہ عراق کے بنیادی آئین پر عمل کرتے ہوئے اپنے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔
ترجمان وزارت خارجہ بہرام قاسمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عراق کے باقی بچے علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنا حکومت عراق اور اس ملک کے عوام کے اہم ترین مسائل ہیں اور ایران اس سلسلے میں حکومت عراق اور عوام کے لئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کرکوک میں بعض عراقی فریقوں کے حالیہ اقدامات، دہشت گردی کے خلاف حکومت عراق کی توانائی کے کمزور ہونے کے ساتھ ساتھ تشویش کا بھی باعث ہیں۔
کرکوک کی گورننگ کونسل نے اٹھائیس مارچ کو صوبے کی سرکاری عمارتوں پر عراقی پرچم کے ساتھ ساتھ کردستان کی مقامی انتظامیہ کے پرچم نصب کئے جانے کی اجازت دےدی جس پر حکومت عراق نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔