Apr ۰۹, ۲۰۱۷ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  • شام پر حملہ امریکہ کی اسٹریٹیجک غلطی ہے، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شام پر امریکی حملے کو اسٹریٹیجک غلطی قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ یورپ نے تکفیریوں کی تقویت کرکے جو غلطی کی ہے امریکہ داعش کی حمایت کرکے اسی غلطی کا اعادہ کر رہا ہے۔

اتوار کے روز مسلح افواج کے اعلی کمانڈروں سے نوروز کی ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکیوں نے شام پر حملہ کرکے اسٹریٹیجک غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور وہ ماضی کی غلطی کا اعادہ کر رہے ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ کے سابقہ حکمرانوں نے داعش کو جنم دیا اور اس کی مدد کی اور امریکہ کے موجودہ حکمراں داعش اور اسی جیسے کسی اور گروہ کی تقویت میں مصروف ہیں۔رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یورپ بھی تکفیریوں کی تقویت کر کے پھنس چکا ہے اور وہاں کے عوام گھروں اور سڑکوں پر محفوظ نہیں ہیں جبکہ امریکہ بھی اسی غلطی کو دوہرا رہا ہے اور مستقبل میں یہ گروہ خود امریکہ کے گلے پڑ جائیں گے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے واضح کیا کہ، ایران نے ثابت کردیا ہے کہ ناجائز اقدامات کے ذریعے ایران کو ہرگز نہیں دبایا جاسکتا اور انقلاب اسلامی پر یقین رکھنے والے عوام اور حکام ، خدا پر توکل کرتے ہوئے، دشمن کی دھمکیوں اور شور شرابے کے سامنے پسپائی اختیار کرنے والے نہیں ہیں کیونکہ اگر پسپائی اختیار کرنے کا معاملہ ہوتا تو آج ایران نفسیاتی اور ثقافتی لحاظ سے لاچار اور دیوالیہ ہوچکا ہوتا۔رہبر انقلاب اسلامی نے، ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں مغرب کی جانب سے صدام کی حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مکار یورپی حکومتوں نے، جو آج شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا دعوی کر رہی ہیں، مسلط کردہ جنگ کے دوران صدام کو ٹنوں کیمیائی ہتھیار فراہم کیے تاکہ وہ ان (کیمیائی) ہتھیاروں سے ایران کے خلاف جنگ کے محاذوں اور سردشت و حلبچہ پر حملہ کرسکے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کی مسلح افواج خدا پر توکل اور خوداعتمادی کے ذریعے اپنی طاقت میں روز بروز اضافہ کریں اور اپنے اقدامات اور عزم کے ذریعے، دفاعی میدان میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔

 

ٹیگس