Apr ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۸ Asia/Tehran
  • فوعہ و کفریا کے باشندوں پر دہشت گردانہ حملے کا جائزہ لینے کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کئے جانے کا مطالبہ

شام کے عوام دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ ملک کا اکہترواں یوم آزادی منا رہے ہیں۔اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف رہنماؤں نے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی عوام سامراجی تسلط اور دہشت گردی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

 اگرچہ شام کے بعض علاقوں پر تکفیری دہشت گردوں نے قبضہ کر رکھا ہے اور اس ملک کی فوج اور عوام دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار ہیں لیکن اس کے باوجود ملک کا اکہترواں یوم آزادی پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریبات میں شامی عوام کے ساتھ ساتھ اعلی سول اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی اور فرانسیسی سامراج سے آزادی کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔رکن پارلیمنٹ حسین راغب نے اس موقع پر کہا ہے شام کے عوام سامراجی تسلط اور دہشت گردی کے سخت مخالف ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب ، قطر اور ترکی کا نام لیکر کہا کہ دہشت گردوں کے حامی ملکوں کو جان لینا چاہیے کہ شام کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پر عزم ہیں اور اپنی آزادی کا دفاع کر رہے ہیں۔ایک اور رکن پارلیمنٹ محمد خیر عکام نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو شام کی تاریخ پڑھ لینا چاہیے کیونکہ شام کے عوام سامراجی تسلط اور دہشت گردی کو ہرگز برداشت کرنے والے نہیں۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ شامی فوج نے صوبہ حمص کے طیبہ الامام نامی علاقے کو آزاد کرانے کی کاروائی شروع کردی ہے۔ شامی فوج نے اس سے پہلے صوران اور تل بزام کی اسٹریٹیجک پہاڑیوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد کرلیا اور دہشت گرد اس علاقے سے فرار ہوگئے ہیں۔اسی دوران اطلاعات ہیں کہ قومی آشتی کے معاہدے کے تحت حمص کے علاقے الوعر سے مسلح افراد اور ان کے اہل خانہ کے انخلا کا پانچواں مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور یہ افراد یہاں سے حلب کی جانب کوچ کرگئے ہیں۔الوعر میں موجود ساڑھے پانچ سو کے قریب مسلح افراد نے اپنے ہتھیار شامی فوج کے حوالے کردیئے ہیں اور حکومت کی جانب سے معافی نامہ حاصل کرلیا ہے۔درایں اثنا امریکہ کی سرکردگی میں قائم داعش مخالف اتحاد کے حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت پندرہ عام شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔امریکی اتحاد کے طیاروں نے حالیہ چند ماہ کے دوران شام میں شہری اہداف کو بارہا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس