سہ فریقی اجلاس میں شام کے مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر تاکید
شام کے بارے میں تہران میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں شام کے مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر زوردیا گیا ہے
سہ فریقی اجلاس کے اعلامیے میں اسلامی جمہوریہ ایران ، روس اور ترکی کے وفود نے شام میں تیس دسمبر دوہزارسولہ کو ہونے والی جنگ بندی اور اس پر عمل درآمد نیز قیدیوں اور اغواشدگان کے تبادلے کے سلسلے میں تینوں فریقوں کے سامنے پیش کی جانےوالی دستاویزات کا جائزہ لیا- تہران کے سہ فریقی اجلاس میں اقوام متحدہ کے ماہرین کے ایک وفد نے مبصر کی حیثیت سے حصہ لیا اور اہم تکنیکی امداد اور ماہرانہ نکات پیش کئے- تہران اجلاس نے آئندہ دوہفتے میں آستانہ میں شام کے بارے میں چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کا ایجنڈہ فراہم کیا ہے - اجلاس میں شریک تینوں وفود نے آستانہ اجلاس سے پہلے ایک اور اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے تہران میں ماہرین کے اجلاس کے اختتام پر بحران شام کے تمام پہلوؤں منجملہ اس کے فوجی پہلوؤں، دہشت گردوں کے خلاف جنگ ، سیاسی پہلؤوں اور شامی گروہوں کے درمیان مذاکرات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر تاکید کی - ایران کی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ آستانہ مذاکرات اور دیگر بین الاقوامی کوششیں بحران شام کے جلد سے جلدختم ہونے کے مقدمات فراہم اور دہشت گردی کے خلاف موثر اور بھرپور مقابلے کی راہ ہموار کریں گی کہ جو عالمی برادری کا سب سے بڑا مطالبہ ہے -