ایران کی جانب سے انتہاپسندوں اور منھ زوروں کے مقابلے پر تاکید
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ دنیا کو انتہاپسندوں اور منھ زوروں کا مقابلہ کرنا چاہئے
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ انتہاپسند دو قسم کے ہیں ایک وہ دہشت گرد گروہ ہیں جو غیر قانونی ہیں اور دوسرے وہ طاقتور حکومتیں ہیں جو اپنے انتہاپسندانہ نظریات اور اقدامات کی حمایت کرکے خود کو دیگر ملکوں کے امور میں مداخلت کا حقدار سمجھتی ہیں - ایرانی مندوب نے کہا کہ دنیا کو دونوں طرح کی انتہاپسندی ، خوف و وحشت اورمنھ زوری کا مل کر مقابلہ کرنا چاہئے- اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر میں تہذیبوں کے اتحاد کے زیرعنوان منعقد ہونے والے مشاورتی اجلاس میں موجودہ دنیا کی صورت حال کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ تشدد آمیز انتہاپسندی ہمارے دور کی سب سے خطرناک لعنت ہے- غلام علی خوشرو نے کہا کہ جرائم پیشہ دہشت گرد اورغیرذمہ دار طاقتور حکومتیں نہ صرف یہ کہ دنیا میں قیام امن میں کوئی مدد نہیں کرتیں بلکہ تشدد اور تخریب کاری کو ھوا دیتی ہیں - اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا کہ دنیا کو اس معیوب دائرے کو بدلنا ہوگا اور ہر طرح کی انتہاپسندی کی مذمت کرتے ہوئے گفتگو اور باہمی احترام کو امن و استحکام کے فروغ اور جنگ و تشدد کو روکنے کے راستے کے طور پر انتخاب کرنا چاہئے-