پاکستان کی سلامتی ایران کے لیے انتہائی اہم ہے، ایرانی وزیر خارجہ
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پاکستان کی سلامتی کو ایران کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
تہران میں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اعلی سطح کے سفارتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کر ر ہے ہیں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں قیام امن اور عالم اسلام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے حوالے سے اسلام آباد اور تہران کے نظریات مشترک ہیں ۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کو پاک چین اقتصادی راہداری میں شامل ہونے کی بھی دعوت دی۔
ایران کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے اسپیکر کے درمیان ملاقات میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ مقابلے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔