ایران میں کان کنوں کے جاں بحق ہونے پر رہبر انقلاب اسلامی کا تعزیتی پیغام
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے ایک پیغام میں ایران کے صوبے گلستان میں کان کے ایک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کان میں پھنسے کان کنوں کو نجات دلانے کے لئے تمام ترضروری اقدامات عمل میں لانے پر تاکید فرمائی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعرات کے روز اپنے ایک پیغام میں فرمایا ہے کہ صوبہ گلستان میں کان کے دردناک و دلخراش سانحے سےکہ جس میں کئی کان کن جاں بحق اور بعض افراد ابھی بھی کان میں نیچے پھنسے ہوئے ہیں، مجھے انتہائی دکھ اور صدمہ پہنچا ہے- رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حادثے کا شکار ہونے والے کان کنوں کے اہل خانہ کے لئے صبر اور کان میں پھنسے افراد کی باحفاظت باہر نکلنے کی دعا کرتے ہوئے کان میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت پر تاکید فرمائی۔بدھ کے روز صوبے گلستان میں پتھر کے کوئلے کی کان میں رونما ہونے والے حادثے میں اب تک بائیس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ستّر سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ تقریبا پینتیس افراد ابھی کان میں پھنسے ہوئے ہیں جنھیں نجات دلانے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔