ایران اور پاکستان کا دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پرتاکید
پاكستان ميں تعينات ايران کے سفير مہدی ہنردوست اور ايف پی سی سی آئی كے سربراہ زبير طفيل كے مابین ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک نے اقتصادی اور تجارتی تعاون كو بڑھانے كے طريقوں كا جائزہ ليا۔
اس موقع پر ايران کے سفير نے پاكستان كے اسٹيٹ بينک اور ايران كے مركزی بينک كے درميان حاليہ دستخط ہونے والے معاہدے كا حوالہ ديتے ہوئے دونوں ممالک كے نجی شعبوں سے مطالبہ كيا كہ باہمی تعاون كے فروغ كے لئے ايک دوسرے كی صلاحيتوں كو بروئے كار لائيں۔
انہوں نے ايران كے ايوان صنعت اور تجارت اور ايف پی سی سی آئی كے درميان مزيد تعلقات بڑھانے اور مشتركہ چيمبر آف كامرس كے قيام پر زور ديا ۔
فريقين نے اس ملاقات ميں ايران اور پاکستان کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدے كے قيام كا خيرمقدم كرتے ہوئے كہا كہ اس معاہدے كو حتمی شكل ملنے سے دونوں ممالک كی تجارتی اور اقتصادی تعاون كی راہ ميں موجود روكاٹوں کو دوركيا جا سكتا ہے۔