May ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  •  ایران کے وزیر خارجہ کی افغان صدر سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کابل میں افغان صدر محمد اشرف غنی، چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ، قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر اور اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی کے ساتھ ملاقات میں باہمی روابط اور علاقائی نیز بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اپنے افغان ہم منصب کی دعوت پر اتوار کو ایک اعلی سطحی سیاسی وفد کے ہمراہ کابل پہنچے۔

انھوں نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات اور گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

افغان صدر سے وزیر خارجہ محمد جواد کی قیادت میں افغانستان کے دورہ کرنے والے وفد کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اسی طرح افغان چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔ انھوں نے اس ملاقات میں بھی باہمی تعلقات میں فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا اور علاقائی نیز عالمی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی قیادت میں ایرانی وفد نے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر سے بھی ملاقات کی۔

اس ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور کے ساتھ ہی ثقافتی میدانوں میں بھی باہمی تعاون میں فروغ پر تاکید کی گئی۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کابل پہنچنے کے بعد پہلے اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے ملاقات کی اور اس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

انھوں نے اس پریس کانفرنس میں افغانستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ دونوں ممالک، دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جد و جہد سمیت مختلف میدانوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں جو دونوں کے مفاد میں ہے-

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے افغان عوام کے خلاف دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں میں افغانستان کی جانب سے ایران کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ ایران بھی مختلف سطح اور مواقع پر افغانستان کی حکومت اور عوام کی حمایت کرتا ہے-

اس پریس کانفرنس میں افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے بھی ایران اور افغانستان کے درمیان پائے جانے والے مشترکات کی بنیاد پر باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کی۔

انھوں نے کہا کہ ایران، افغانستان کا چوتھا تجارتی شریک ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے سے اچھا تعاون کرتے ہیں- افغانستان کے وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اسی وقت کامیاب ہو سکتی ہے جب تمام ممالک کے لئے دہشت گردی کی جامع تعریف واضح ہو اور سبھی دہشت گردی کو اچھی اور بری دہشت گردی میں تقسیم کئے بغیر اس کا مقابلہ کریں-

افغانستان کے وزیرخارجہ نے ایران کی جانب سے طویل عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر ایرانی عوام و حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ٹیگس