ایران: مستونگ دھماکے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں کل ہونے والے خودکش دھماکے اور متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاہے۔.
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی ممالک کے دشمن عناصر اور وہ لوگ جو اسلامی ممالک میں امن و استحکام کے مخالف ہیں وہ آج خطے میں دہشتگردی کی سازش کو فروغ دے رہے ہیں.
بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے صرف زبانی کلامی نہیں بلکہ اس لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے اجتماعی تعاون اور مشترکہ عزم کی اشد ضرورت ہے.
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف تعاون کے لئے آمادہ ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ دوہرے معیار اور نام نہاد اتحادوں میں شمولیت سے دہشتگردی اور ایسی غیرانسانی کارروائیوں میں ملوث اصل عناصر کے خلاف موثر مقابلہ ممکن نہیں.
واضح رہے کہ کل جمعہ کے روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 30 افراد جاں بحق اور مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 37 زخمی ہو گئے.دہشتگرد گروہ داعش نے اس ہولناک واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے.