ایران میں صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی انتخابی مہم ختم پولنگ میں صرف چندگھنٹے باقی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی اور بلدیاتی الیکشن کے لئے پولنگ میں اب صرف چندگھنٹے ہی باقی رہ گئے ہیں جمعرات کی صبح آٹھ بجے انتخابی مہم بھی اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے ایران کے صدارتی الیکشن کو کور کرنے کے لئے دنیا کے مختلف ملکوں کے میڈیا کے نمائندے بھی ایران کے مختلف شہروں خاص طور پر تہران پہنچ چکے ہیں
ایران کے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی مہم کی وجہ سے خاص طور پرصدارتی الیکشن کی مہم کی بناپر پچھلے کئی ہفتے سے پورے اسلامی جمہوری ایران میں انتخابی گہماگہمی نظر آرہی تھی اور اب اس وقت ایران کے عوام ایک اور قومی جشن میں شرکت اور دنیا والوں کے سامنے اپنی دینی جمہوریت کے نظرئے کا شاندار جلوہ پیش کرنے کے لئےخود کو آمادہ کرچکے ہیں -
ایران کے صدارتی الیکشن یا یوں کہا جائے کہ ایرانی عوام کے قومی جشن کو کوریج دینے کے لئے دنیا کے مختلف ملکوں کے میڈیا کے نمائندے بڑی تعداد میں تہران پہنچ چکے ہیں -
صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں نے انتخابی مہم کے آخری دن ووٹروں کو اپنی اپنی جانب مائل کرنے کے لئے پوری کوشش صرف کردی - صدارتی الیکشن کے چھے امیدواروں میں سے چار امیدواروں نے عملی طور پر اپنے نام واپس لے لئے ہیں اور اس طرح اب صرف دو امیدواروں کے ہی درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا -
موجودہ صدر اور صدارتی الیکشن کے امیدوار حسن روحانی کے مقابلے میں ابراہیم رئیسی ہیں -
انتخابی مہم کے آخری دن دونوں ہی اصلی امیدواروں نے مختلف شہروں میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا- حسن روحانی نے بدھ کو اردبیل اور مشہد مقدس میں عوامی جلسوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کا دن ایرانی عوام کے لئے انتہائی اہم اور تقدیر ساز دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا اختیار ایرانی عوام کے ہاتھ میں ہے اور حکام کو ہمیشہ عوام کا خدمت گزار بن کر رہنا چاہئے - حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران کے عوام اور خاص طور پر نوجوان طبقہ ملک کی ترقی و پیشرفت چاہتاہے عوام سے کہا کہ وہ پورے نظم و ضبط کے ساتھ پولنگ اسٹیشنوں پر حاضر ہوں صدارتی الیکشن کے دوسرے امیدوار ابراہیم رئیسی نے بھی مشہد مقدس اور بجنورد شہروں میں عوامی جلسوں سے خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں ایک مضبوط عزم و ارادے کی ضرورت ہے اور دسیوں لاکھ کی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہم ملک کی اقتصادی اور پیداواری توانائیوں کو بحال کرنا چاہتے ہیں - مصطفی آقامیر سلیم نے بھی اپنا نام واپس لینے سے پہلے ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل دو کے ایک براہ راست پروگرام میں کہا کہ انتخابات میں شفافیت اور ٹرانس پیرینسی نظام پر عوام کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنےگی لیکن اگر اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے تو عوام انتخابات میں حصہ لینے میں بہت زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کرتے-
ایک اور صدارتی امیدوار مصطفی ہاشمی طبا نے بھی اپنا نام واپس لینے سے پہلے آئی آر آئی بی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی الیکشن میں جیتنے اور ہارنے والے امیدواروں کو قانون کا تابع ہونا چاہئے انہوں نے ایرانی عوام سے کہا کہ وہ جمعے کو الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں -
بدھ کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنےوالوں کی ایک بڑی تعداہ سے خطاب کے دوران انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ہر الیکشن اور انتخابات کہ جن میں آپ شرکت کرتے ہیں وہ عظیم عوامی جوش و جذبے کا مظہر ہوتے ہیں جن کا دنیا والے مشاہدہ کرتے ہیں اور انتخابات میں عوام کی شرکت سے ایرانی قوم کی عزت و وقار مزید بلند ہوتاہے - رہبرانقلاب اسلامی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دنیا بھر میں سب کی نگاہیں ایران کے انتخابات پر لگی ہوئی ہیں فرمایا حقیقت میں اسلامی جمہوری نظام مقررہ وقت پرمختلف سطح کےانتخابات کراکے نئی روح و جان ڈال دیتا ہے اور خود کو دنیا والوں کے سامنے نئی شکل میں اور خود کو بلند و بالا مرتبے پر پہنچا کر پیش کرتاہے اور ثابت کرتاہے کہ اسی وجہ سے الیکشن کا دن اسلامی جمہوریہ ایران میں قومی جشن اور خوشیوں اور مسرت کا دن ہوتا ہے -
دوسری جانب ایران کے عوام بھی جو اس قومی جشن کے بانی و خالق ہیں اس بات سے قطع نظرکہ انتخابات میں کون جیتے گا اس بات پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے اور دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے بیلٹ پیپروں کے ہمراہ بیلٹ باکسوں تک جائیں گے اور ایران کی عزت و سربلندی کی حفاظت کرتے رہیں گے-
اگرچہ سروے رپورٹوں میں کہا گیا ہے صدارتی الیکشن میں رائے دہندگان کی شرکت پچہتر فیصد سے زیادہ ہوگی لیکن ایران کے عوام نے مختلف الیکشن کے مختلف ادوار میں بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ دنیا والوں کو حیرت زدہ کردیتے ہیں۔ جمعے کو ہونےوالے انتخابات میں آٹھ کروڑ ایرانی عوام میں ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے - اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے مطابق ایران کا ہر شہری خواہ وہ کسی بھی مذہب و مسلک سے ہو، کسی بھی قوم ونسل و زبان کا ہو اگر اس کے پاس ایرانی شہریت اور ایران کا شناختی کارڈ ہے اور عمر بھی اٹھارہ سال ہے تو وہ ووٹ ڈالنے کا حقدار ہوتاہے اور پوری آزادی نظر اور فکر کے ساتھ کسی بھی امیدوار کو ووٹ دینے کا حق رکھتا ہے-