ملک سے باہر ایرانی شہریوں کی انتخابات میں شرکت
اسلامی جمہوریہ ایران سے باہر رہنے والے ایرانی شہری بھی انتخابات میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں ۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہندوستان، پاکستان، عراق، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور آسٹریلیا سمیت میں بسنے والے ایرانی شہریوں نے آج بروز جمعہ اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدارتی انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا
ایران میں ہونے والے 12ویں صدارتی انتخابات کی نگران کمیٹی برائے امور تارکین وطن کے سربراہ حسن قشقاوی نے کہا ہے کہ 102ممالک میں بسنے والے ایرانی شہریوں کی جانب سے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے 310 پولینگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ کا آغاز آج بروز جمعہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے چاربڑے شہروں میں ہوگیا ۔
پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجےاسلام آباد میں قائم ایرانی سفارتخانے سمیت لاہور، کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں ایرانی قونصلیٹ میں قائم کئے جانے والے پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوا ۔ اسی طرح ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی، حیدر آباد اور ممبئی میں ایرانی قونصلیٹ میں قائم کئے جانے والے پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹنگ کا عمل شروع ہواجس میں ایرانی شہری بھرپور انداز میں ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں اوروطن عزیز کے بہتر مستقبل کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں ۔
صدارتی انتخابات کے مقابلے 4 امیدواروں حسن روحانی ، سید ابراہیم رئیسی سید مصطفی میرسلیم اورسید مصطفی ہاشمی طبا، کے مابین ہو رہے ہیں تاہم اصل مقابلہ موجودہ صدرروحانی اورسید ابراہیم رئیسی کے مابین ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے مطابق ایران کا ہر شہری خواہ وہ کسی بھی مذہب و مسلک سے ہو، کسی بھی قوم ونسل و زبان کا ہو اگر اس کے پاس ایرانی شہریت اور ایران کا شناختی کارڈ ہے اور عمر بھی اٹھارہ سال ہے تو وہ ووٹ ڈالنے کا حقدار ہوتاہے اور پوری آزادی نظر اور فکر کے ساتھ کسی بھی امیدوار کو ووٹ دینے کا حق رکھتا ہے-