ایران کے مراجع تقلید نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا
ایران کے علماء اور مراجع تقلید بھی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچے اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
بزرگ عالم دین اور مرجع تقلید آیت اللہ ناصرمکارم شیرازی نے جمعے کو بارہویں دور کے صدارتی اور پانچویں دور کے دیہی و شہری کونسلوں کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انّیس مئی کو ایک تاریخی اور یادگارہ دن قرار دیا اور کہا کہ ان انتخابات میں عوام بڑے پیمانے پر حصہ لیں گے-
مرجع تقلید آیت اللہ حسین نوری ہمدانی بھی نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد کہا کہ ایران کے دیندار اور انقلابی عوام نے جس طرح اس سے پہلے بڑے پیمانے پر انتخابات میں حصہ لیا اسی طرح آج بھی بڑی تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور دشمنان اسلام کے مقابلے میں مثالی عظمت و شوکت کا مظاہرہ کریں گے-
آیت اللہ جعفرسبحانی نے بھی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ اسلامی نظام کی حفاظت واجب ہے اور عوام جتنی زیادہ تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر آئیں گے گویا اتنی ہی طاقت سے اسلامی نظام کا دفاع کریں گے-
آیت اللہ صافی گلپائگانی نے بھی بارہویں دور کے صدارتی اور پانچویں دور کے دیہی و شہری کونسلوں کے انتخابات میں شرکت کی اور اپنے پسندیدہ امیدواروں کو اپنا ووٹ کاسٹ کیا-