مختلف ذرائع ابلاغ میں ایران کے صدارتی انتخابات کو بھرپور کوریج
دنیا کے مختلف ذرائع ابلاغ نے ایران کے بارہویں صدارتی اور پانچویں بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات کو بھرپور کوریج دی ہے
ایران میں صدارتی اور دیہی و شہری کونسلوں کے انتخابات شروع ہونے کے ساتھ ہی مختلف مغربی ذرائع ابلاغ نے ووٹ دینے کے لئے عوام کی لمبی لمبی قطاروں کی اہمیت کی وضاحت کی- اس تناظر میں سوئیزرلینڈ کے ٹی وی نمائندے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایران کے اس بار کے صدارتی انتخابات میں عوامی شرکت تقدیر ساز ہے اور لوگوں نے بھاری تعداد میں رائے دہی میں حصہ لیا ہے ، صدارتی انتخابات میں چھپن ملین سے زیادہ لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل تھے اور بہت سے ایرانیوں کے لئے یہ ایک حقیقی اور تقدیر ساز فیصلہ شمار ہوتا ہے-
فرانس کے ٹی وی چینل چوبیس نے بھی پولنگ اسٹیشنوں پر عوام کی لمبی لمبی قطاروں کو ایران کے صدارتی انتخابات کا اہم اور نمایاں نکتہ قرار دیا- فرانس پرس نے بھی تہران سے انتخابات کے بارے میں اپنی ایک رپورٹ میں لکھا کہ ایران کے رہبرمعظم آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے رائے شماری شروع ہوتے ہی اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور کہا کہ ملک کی تقدیر ایرانی عوام کے ہاتھ میں ہے - امریکی ٹی وی چینل سی این این نےبھی ایران کے بارہویں صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر عوامی شرکت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کی مدت میں کئی بار توسیع کی گئی اور یہاں تک کہ لاکھوں ایرانی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے رہے- ہندوستان ، پاکستان اور افغانستان کے ذرائع ابلاغ نے بھی بارہویں صدارتی انتخابات میں عوام کی پرزور شرکت کو بھرپور کوریج دی ہے - ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے صدارتی انتخابات میں عوام کی زبردست شرکت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام نے بڑے پیمانے پر پرجوش انداز میں صدارتی انتخابات میں حصہ لیا اور بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے- ہندوستان کے انگریزی اخبار ٹائمز نے سنیچر کو اپنی ایک رپورٹ میں لکھا کہ ایران میں جمعے کو ہونے والی پولنگ میں لوگوں نے بھاری تعداد میں ووٹنگ میں حصہ لیا - ایک اور انگزیزی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے بھی اپنی رپورٹ میں انتخابات میں کروڑوں لوگوں کی موجودگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ایرانیوں نے ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا- روزنامہ ہندو نے اپنی رپورٹ میں انتخابات میں بھاری تعداد میں ایرانی عوام کی شرکت کو توقع سے کہیں زیادہ قرار دیا - افغان ذرائع ابلاغ نے بھی انتخابات کو کوریج دیتے ہوئے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کو مختلف بولیٹن میں کوریج دی - افغانستان کے طلوع ٹی وی نے جمعے کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں عوامی شرکت کو غیرمعمولی قرار دیا اور کہا کہ رائے دہی کے لئے بڑی تعداد میں عوام کی موجودگی اور لمبی لمبی قطاروں کے باعث ووٹنگ کا سلسلہ بارہ بجے رات تک جاری رکھنا پڑا - پاکستانی ذرائع ابلاغ نے بھی ایران کے صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت کو کوریج دی -