May ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے تجارتی روابط

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی روابط کو خاطر خواہ فروغ ملا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ رواں ایرانی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران ملک کے جنوب مشرقی علاقے سے ٹرین کے ذریعے پاکستان کو مختلف مصنوعات کی برآمدات میں 427 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایران کی جنوب مشرقی ریلوے اتھارٹی کے سربراہ مجید ارجونی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے ایران سے پاکستان کو مصنوعات کی برآمدات میں 427 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زاہدان اور کوئٹہ کے درمیان مال گاڑی کے ذریعے ایران، پاکستان کو سیمنٹ، تارکول، سلفر اور تیل برآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان چاول اور خام سلفر ایران کو برآمد کرتا ہے.

دوسری جانب پاکستان کے تجارتی شہر کراچی میں متعین ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی اور پاکستان کے ایوان ہائے صنعت و تجارت (FPCCI) کے صدر زبیر طفیل نے ایک ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے بینکوں کی جانب سے ایل سی کی سہولت کی فراہمی، پاکستانی کسٹم میں ایران کی درآمد شدہ مصنوعات، پاکستان کے فنی اورتکنیکی منصوبوں میں ایرانی کمپنیوں کی شراکت داری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیگس